گرفتاری کے وارنٹ کے باوجود نیتن یاہو واشنگٹن روانہ، ٹرمپ سے ملاقات متوقع

گرفتاری کے وارنٹ کے باوجود نیتن یاہو واشنگٹن روانہ، ٹرمپ سے ملاقات متوقع

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے گرفتاری وارنٹ کے باوجود امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔

اسرائیل کے عربی زبان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے مطابق نیتن یاہو یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ ملاقات میں اسرائیل، مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور دونوں ممالک کو درپیش اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) نے نومبر 2024 میں غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران مبینہ طور پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اسرائیل ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے آئی سی سی کی کارروائی کو غیرمنصفانہ قرار دیتا ہے، جبکہ عدالت کا کہنا ہے کہ کارروائی بین الاقوامی قانون کے مطابق کی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات اس لحاظ سے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ جنوری 2025 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد یہ نیتن یاہو کی ان سے ساتویں ملاقات ہوگی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس ملاقات میں غزہ، ایران، خطے کی سکیورٹی اور امریکا، اسرائیل تعلقات سمیت متعدد اہم علاقائی و عالمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔