اسٹیبلشمنٹ کے پاس تمام تالوں کی چابیاں ہیں : محمد زبیر

محسن نقوی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پل ہیں‘مذاکرات سے کچھ بھی نہیں نکلے گا
پی ٹی آئی کے امیج کو نقصان ہوگا ،پہلے کہتے تھے مذاکرات نہیں کریں گے اب ساتھ بیٹھ گئے 
  اسلام آباد(آئی این پی ) سابق  گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے  محسن نقوی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پل ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کے پاس تمام تالوں کی چابیاں ہیں۔ ایک انٹرویو میں  انہوں نے  کہا کہ  مذاکرات سے کچھ بھی نہیں نکلے گا، پی ٹی آئی کے امیج کو نقصان ہوگا کیونکہ پہلے کہتے تھے حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے اب ساتھ بیٹھ گئے۔ انھوں نے  کہا کہ ایک گروپ مریم نواز،خواجہ آصف ہے جو پی ٹی آئی کو دہشت گرد کہتی ہے اور ایک گروپ عرفان صدیقی جیسے لوگوں پرمشتمل ہے جو بات چاہتے ہیں، عرفان صدیقی گروپ کی مجبوریاں بھی ہیں، کھل کر بات کرنی چاہیے۔محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز،خواجہ آصف جیسے لوگ مذاکرات کے مخالف ہیں، خواجہ آصف گروپ اوراسٹیبلشمنٹ کی سوچ مطابقت رکھتی ہے اور عرفان صدیقی جیسے لوگوں کو چاہیے کہ خواجہ آصف گروپ کوخاموش کرائے۔