عمران خان جیل میں کسی جرم نہیں سیاست کی وجہ سے ہیں: محمد زبیر

عمران خان کے بچوں کو حق ہے انہیں اپنی آواز امریکہ سمیت ہر جگہ بلند کرنی چاہیے :سابق گورنر
کراچی(آئی این پی )سابق گورنر سندھ  محمد زبیرنے کہاہے کہ یہ حقیقت ہے جو عمران خان جیل میں کسی جرم کیوجہ سے نہیں بلکہ سیاست کی وجہ سے ہیں، وہ غلط سائیڈ پر آئے ہیں اور دو سال سے جیل میں ہیں۔ایک انٹرویو میں  محمد زبیر کا کہناتھاکہ "عمران خان کے بیٹے ہیں ، جتنے بھی تنازعات ہوں ، بیٹوں کے اپنے والد کے لیے جذبات بھی ہوں گے ، میرا خیال ہے کہ بچوں کا پوری دنیا میں حق ہے کہ وہ جو چاہیں کرسکتے ہیں لیکن پاکستان کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ، یہ درست بات ہے لیکن اس خلاف ورزی کا تعین اگر مسلم لیگ ن یا حکومت پاکستان کرے گی تو یہ ایک مشکوک بات ہوگی، بچوں کو حق ہے اور انہیں کوشش کرنی چاہیے، اپنی آواز امریکہ سمیت ہر جگہ بلند کرنی چاہیے ۔