شہید ایس پی اسد زبیر کے پاس بلٹ پروف گاڑی نہیں تھی ، ذرائع

 گاڑی آئی ای ڈی دھماکے سے متاثر ہوئی، ہنگو میں ڈی پی او پر بھی حملے کی کوشش ہوئی تھی
پشاور(آئی این پی ) ہنگو میں آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والے ایس پی اسد زبیر کے پاس حساس مقام پر جانے کیلئے بلٹ پروف گاڑی نہیں تھی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ ہنگو میں چوکی پر حملے کے بعد اس حساس مقام پر جانے والے ایس پی اسد زبیرکے پاس بلٹ پروف گاڑی نہیں تھی جس کے باعث ان کی گاڑی آئی ای ڈی دھماکے سے متاثر ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقام پر چند سال قبل ایک ایس ایچ او کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل ضلع ہنگو میں ڈی پی او پر بھی حملے کی کوشش ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ضلع ہنگو کو حساسیت کے باوجود صرف ایک بلٹ پروف گاڑی دی گئی اور دی جانے والی بلٹ پروف گاڑی ڈی پی او ہنگو کے زیراستعمال ہے جبکہ کے پی پولیس کو ڈی ایس پی لیول تک بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو ہنگو میں ایک چوکی میں دھماکا ہوا تھا جس کے بعد جائے وقوعہ کے دورے کیلئے جانے والے ایس پی کی گاڑی پر دوسرا دھماکا کیا گیا جس میں واقعے میں ایس پی اسد زبیر اور ان کے دو گن مین شہید ہوئے تھے۔