ہماری خواہش ہے بجلی کا ریٹ 50 روپے یونٹ کم ہو جائے، آئی ایم ایف سے کیپٹو پاور پلانٹس پر بات چیت جاری ہے
1100رب روپے کی بچت کر چکے ہیں، اب حکومتی پاور پلانٹس کی باری ہے:قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے ہماری خواہش ہے کہ بجلی کا ریٹ 50 روپے کم ہو جائے، آئی ایم ایف سے کیپٹو پاور پلانٹس پر بات چیت جاری ہے، 10 سے 12 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی کر سکتے ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا آئی ایم ایف کے ساتھ کیپٹو پاور پلانٹس پربات چیت کر رہے ہیں اور معاملہ اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمت 10 سے 12 روپے فی یونٹ کم کرسکتے ہیں، خواہش ہے کہ بجلی کا ریٹ 50 روپے کم ہو جائے، بگاس کے 8 پلانٹس کا جائزہ لینے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ مزید 16 پلانٹس کی نظرثانی بھی کرنے جا رہے ہیں‘گیارہ سو ارب روپے کی بچت کر چکے ہیں،آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات میں اب حکومتی پاور پلانٹس کی باری ہے،تمام آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد حکومتی پلانٹس کے ریٹرن آن ایکوئٹی کی باری آئے گی، اس ماہ کے آخر تک کیپٹو پلانٹس کا معاملہ حل ہو جائے گا، گھریلو صارفین کے لیے بجلی 4 روپے تک سستی ہو چکی ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ آئندہ پانچ سے سات سال میں کے الیکٹرک کا 500 ارب روپے منافع مانگا جا رہا ہے، ہمارے خیال میں یہ ناجائز ہے، اس سے خیبر پختونخواہ کا صارف بھی متاثر ہوگا۔