بجلی 1 روپے 99 پیسے یونٹ سستی ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے تحت ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ کی کمی کر دی گئی ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں عوام کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا خطیر مالیاتی ریلیف حاصل ہوگا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں یہ کمی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں یہ کمی ملک بھر کے لیے رواں سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوئی ہے، یہ ریلیف بنیادی طور پر جنوری تا مارچ 2026ء  کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے حسابات کو ایڈجسٹ کرنے کے بعد دیا جا رہا ہے، اس نوٹیفکیشن کے تحت عوام کو اگلے تین ماہ کے بلوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ بجلی سستی کرنے کے اس فیصلے کا باقاعدہ اطلاق جون، جولائی اور اگست 2026ء  کے 3 مہینوں کے دوران آنے والے بجلی کے بلوں پر ہوگا، یعنی گرمی کے ان شدید مہینوں میں صارفین کو کچھ حد تک سستے یونٹس کا فائدہ مل سکے گا، اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور قیمت میں کمی کا یہ اطلاق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔