نیشنل ایکشن پلان کے تحت کام اس طرح کیا جائے جس میں عوام کا نقصان نہ ہو
سہیل آفریدی بھائی ہے اسکا ساتھ دیں گے،صوبے کو بہت چیلنجز ہیں ادارے اپنا اپنا کام کریں،
پشاور(آئی این پی )سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کام نہیں ہو رہا، ایسا کام کرنا چاہیے کہ کام بھی ہو اور عوام کا نقصان بھی نہ ہو۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم جب آئے تھے اس وقت حالات بہت خراب ہوئے تھے، اب دہشت گرد آبادی میں پناہ لیتے ہیں جس میں عام عوام کی جان بھی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو بہتر کیا اور پولیس نے اچھی کارروائیاں کیں، پولیس کی کارروائیوں میں عام عوام نہیں مرتے لیکن اگر آپ آبادی پر مارٹر گولے گراتے ہیں تو عوام کی جانیں تو جائیں گی۔سابق وزیراعلی نے کہا کہ باجوڑ میں جرگے کے ذریعے ہم نے مسئلہ حل کیا، باجوڑ میں رضاکارانہ طور پر کہا کہ ہم نیچے آتے ہیں آپ وہاں کلیئر کر دیں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی نے منتخب کیا ہے اور سہیل آفریدی بھائی ہے اسکا ساتھ دیں گے، صوبے کو بہت چیلنجز ہیں ادارے اپنا اپنا کام کریں، جس منصب پر آپ بیٹھے ہیں آپ کو اسکا جواب دینا ہوگا۔