کشمیری حریت پسند رہنما افضل گورو کے یوم شہادت پراحتجاج

تحریک آزادی کا روشن ستارہ بھارتی پارلیمنٹ پر حملوں میں ملوث نہیں تھا:مقررین 
لاہور (خصوصی رپورٹ )کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام معروف کشمیری حریت پسند رہنما افضل گورو کے یوم شہادت پر لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سینئررہنما پیپلز پارٹی غلام عباس میر، انچارج کشمیرسنٹرانعام الحسن کاشمیری، سابق ایم پی اے فرزانہ بٹ، لیگی رہنما صفیہ اسحاق، سیکرٹری کشمیرایکشن کمیٹی فاروق آزاد، پروفیسر اسما حسن شیخ، کشمیری رہنما نازیہ بٹ، علامہ مشتاق قادری، محموداے ترازی و دیگر مقررین نے خطاب میں افضل گورو کو غیرقانونی پھانسی دینے کی سخت مذمت کی اور کہا بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اعتراف کیا تھا کہ افضل گورو کیخلاف ٹھوس شواہد موجود نہیں۔ عدالت نے غیرقانونی پھانسی دیکر ثابت کردیا کہ بھارت میں آئین، قانون، اخلاقی اقدار اور انسانی حقوق کی کوئی حیثیت نہیں۔ افضل گوروتحریک آزادی کشمیر کا روشن ستارہ تھا جس نے اپنے وطن کی آزادی کیلئے ڈاکٹری کی تعلیم کو خیرباد کہہ کر بندوق تھامی اورکشمیر کے اندر ہی جدوجہد کی۔ وہ بھارتی پارلیمنٹ پر حملوں میں ملوث نہیں تھا۔ بھارتی اداروں نے تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کیلئے خود ہی پارلیمنٹ پر حملہ کروایا اور پھر بے گناہ کشمیریوں کو اسکی پاداش میں گرفتار کرکے انھیں سزائے موت دی۔ افضل گوروشہید اور مقبول بٹ شہید کے جسدخاکی کو دہلی کی تہاڑ جیل کے قبرستان سے نکال کر کشمیریوں کے حوالے کیاجائے تاکہ وہ انہیں اپنی سرزمین پر دفن کرسکیں۔