75 سال سے زیر استعما ل دکانیں گرانے پراحتجاج

تاجروں، انتظامیہ کی جھڑپیں،وزیراعلیٰ ودیگرسے متبادل دکانیں دلانے کامطالبہ 
شیر گڑھ (خصوصی رپورٹ)شیر گڑھ روڈ دیپالپور میں انتظامیہ نے مشینری کیساتھ 75 سال سے زیر استعما ل دکانوں کومسمار کردیا جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ممتاز پھلرون ایڈووکیٹ ،شیخ سلیم صدر انجمن تاجران ،سعید احمد خدری بھٹہ سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ،احتشام شامی بھٹہ کی زیرقیادت تاجر برادری انتظامیہ کے سامنے آگئی معمولی جھڑپیں ہوئیں، سڑک پر دھرنا دیدیاگیا جس پراسسٹنٹ کمشنر دیپالپورفیصل عباس نے اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد چند یوم کیلئے مسماری رو ک کر رضاکارانہ تجاوزات ہٹانے کا الٹی میٹم دیدیا تھوڑی دیر بعد مشینری ،پولیس کی بھاری نفری پھر آگئی اور کئی دکانوں کو مسمار کردیا ،شہری دہائیاں دیتے رہے مگر ایک نہ سنی گئی۔تاجروں کاکہناتھاکہ دکاندار بلدیہ ان دکانوں میں75 سال سے روزی روٹی کما رہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز ودیگر حکام انہیں متبادل دکانیں فراہم کریں، دادرسی نہ کی تو سخت احتجاج کرینگے۔