آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے نے نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ عالمی کرکٹ معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ ممکنہ نقصان براڈ کاسٹرز کی گیٹ منی، اشتہارات اور اسپانسرشپ معاہدوں کی مد میں متوقع تھا، جو میچ کی منسوخی کی صورت میں آئی سی سی کو برداشت کرنا پڑتا۔پاک بھارت میچ کی بحالی کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے درمیان فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی–کولمبو–ممبئی روٹ پر فضائی کرایوں میں ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔میچ کی بحالی سے کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم بعض رپورٹس کے مطابق میچ کے ممکنہ بائیکاٹ کے اعلان کے بعد چند کرکٹ شائقین نے ہوٹل بکنگ منسوخ کروانے کے لیے رابطے بھی کیے تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کئی شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ریفنڈ پالیسی کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے، جبکہ میچ کی حتمی تصدیق کے بعد ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ نہ صرف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے بلکہ اس کی بحالی نے ایئرلائنز، ہوٹل انڈسٹری اور براڈ کاسٹنگ سیکٹر کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچایا ہے۔