غزہ پر قبضے کے امریکی بیان پر بحث فضول ہے:ترک صدر اردوان

غزہ پر قبضے کے امریکی بیان پر بحث فضول ہے:ترک صدر اردوان

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان کو مکمل طور پر فضول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر بحث کا کوئی فائدہ نہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی غزہ کے لوگوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک فلسطینیوں کو اپنے ہاں بسانے پر تیار ہو جائیں گے جب میں ان ممالک سے بات کروں گا۔اس بیان پر دنیا بھر سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس قسم کے بیانات دے کر حالات کو مزید خراب نہ کیا جائے۔حماس کے سیاسی ونگ کے رکن عزت الرشق نے بھی امریکی صدر کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی زمین سے بے دخل کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ پاکستان نے بھی اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات غیر منصفانہ، تکلیف دہ اور تشویش ناک ہے، ہم فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق دو ریاستی حل کے حامی ہیں۔امریکی صدر کے اس بیان پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور مختلف ممالک اور تنظیموں نے اسے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔