ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بلا کر سپورٹ فراہم کی اور فضول بیان دیا: حافظ نعیم الرحمٰن

ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بلا کر سپورٹ فراہم کی اور فضول بیان دیا: حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور (منصورہ): جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل کے حوالے سے بیان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بلا کر اسے سپورٹ فراہم کی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا بیان دراصل نسل کشی کے حق میں ہے اور اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے وہ امریکی سرپرستی میں کر رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے غزہ کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو ملبے کے ڈھیر پر دوبارہ کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو اس جنگ کا تاوان ادا کرنا ہوگا، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی دہشت گردی اور جنگوں کا اثر پوری دنیا کے امن پر پڑا ہے۔پاکستانی سیاست کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 8 فروری 2024 کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب ووٹ کسی اور کو دیا گیا مگر فارم 47 پر کسی اور کو جتوا دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر فارم 45 پر فیصلے شروع ہوں تو حکومت کے 80 فیصد لوگ فارغ ہو جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی یا پی ٹی آئی کو ووٹ دیا گیا مگر ایم کیو ایم کو جتوا دیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور فارم 45 کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں تاکہ عوام کی حقیقی خواہشات کی عکاسی ہو سکے۔