کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، دنیا سے چلے جانے والے کارکنان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں
نواز شریف اور پورے خاندان نے جو سختیاں جھیلیں اور غم برداشت کیے، وہ ناقابل بیان ہیں،دعائیہ تقریب کے موقع پر گفتگو
لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ ماضی میں بہت مشکل دور دیکھا، عدالتوں، کچہریوں اور تھانوں میں ہمارے کارکنان موجود رہتے تھے، کارکنان آواز نہ اٹھاتے تو خزاں کے بعد بہار نہ آتی، نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز کی گرفتاری سب کے سامنے ہے، ہمارے لیڈران کو جب پیش کیا جاتا تو لاؤڈ سپیکروں پر ہوٹر بجائے جاتے تاکہ کوئی میڈیا سے بات نہ کرلے، کلثوم نواز کی وفات ہوئی تو مجھے یاد ہے کیسے جیل میں اطلاع دینے گئے تھے، کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہمارے قائدین نے جمہوریت کی خاطر بڑی قربانیاں دیں،قائد محمد نواز شریف اور ان کے پورے خاندان نے جو سختیاں جھیلیں اور غم برداشت کیے، وہ ناقابل بیان ہیں، یہ ایسی قربانی ہے جس کی ہمیشہ خلش رہے گی۔یہاں( ن) لیگ کے قائدین اور کارکنوں کیلئے دعائیہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ وہ وقت یاد رہے گا کہ آخری لمحات میں کلثوم نواز کے ساتھ نواز شریف کا وقت گذر جاتا، آج جو کچھ بھی ہوں کارکنان کی وجہ سے ہوں، جو کارکنان دنیا سے چلے گئے ہیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غم کی گھڑی ہے، گڈو شاہ بھی ہم میں نہ رہے۔ عطااللہ تارڑنے کہا کہ کارکنان کے لیے ایسے کارڈ کا اجراء ہونا چاہیے جس میں پتا ہو کہ کون سا ورکر کس وقت آیا، مشکل دور میں آئے ورکرز کا نام ’’مجاد دور‘‘ رکھا جانا چاہیے،کارکنان کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، چاہتا ہوں کہ آج کارکنان کی آرگنائزنگ کمیٹی بنائی جائے تو کارکن ہی اس کا سربراہ ہو، آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جو قابل عمل تجاویز لے کر آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرگنائزنگ کمیٹی میں کوئی ایم این اے، ایم پی اے اور عہدیدار نہ ہو، اس میں صرف کارکنان شامل ہوں، آرگنائزنگ کمیٹی کی تجاویز پر عمل درآمد کریں گے، وفات پا جانے والے کارکنان کی پارٹی کے لیے بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، چوہدری عتیق اور گڈو شاہ دنیا سے چلے گئے ہیں، انہوں نے دن رات پارٹی کی خدمت کی، دنیا سے چلے جانے والے کارکنان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔