والدہ کی بہت یاد آتی ہے،معروف اداکارہ حنا آفریدی

لاہور(شوبز ڈیسک)شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا آفریدی مرحوم والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔اداکارہ حنا آفریدی نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ والدہ کے نقصان کو برداشت کرنا بہت مشکل تھا، کسی کے لیے بھی ماں کو بھولنا تقریباً ناممکن ہے کیونکہ جب وہ زندہ ہوتی ہیں تو آپ جانتے ہیں کہ پیچھے کوئی ہے جو آپ کی حفاظت کے لیے دعا کررہا ہے۔حنا آفریدی نے کہا کہ مجھے والدہ کی بہت یاد آتی ہے، جب میرا ڈرامہ چل رہا تھا تو امی کافی پرجوش تھیں، جب وہ زندہ تھیں تو مجھے بہت سکون ملتا تھا کہ کسی نے دعا دی ہے اب مجھے ڈر لگتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میں والدہ سے کہتی تھی کہ آپ بیمار نہیں ہیں لیکن جب ان کے انتقال کی خبر ملی تو میں خاموش ہوگئی، اب میں مضبوط ہوگئی ہوں کسی بھی صورت حال کو سنبھال سکتی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس لیے بھی مضبوط ہوئی کہ 70 سال کے والد کی دیکھ بھال کرنی ہے جو دل کے مریض ہیں، میں ان کے سامنے خود کو کمزور نہیں دکھا سکتی۔