وزیر خزانہ کا پاک برطانیہ تعلقات کو مزید پائیدار بنانے کی خواہش کا اظہار

سینیٹر محمد اورنگزیب کی پرتگال میںبرطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہمیش فاکنر سے ملاقات 
لزبن(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید پائیدار بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے پرتگال میں برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان ہمیش فاکنر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی قریبی اور گرمجوشانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور پائیدار بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پاکستان میں توانائی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو ہوئی، باہمی تعلقات کے فروغ میں عوامی رابطوں اور پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا گیا۔