تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اسلام آباد میں 20-21 دسمبر قومی کانفرنس بلانے کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اسلام آباد میں 20-21 دسمبر قومی کانفرنس بلانے کا اعلان

اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20 اور 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس منعقد کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق تحریک کے ہنگامی اجلاس کی صدارت محمود خان اچکزئی نے کی، جس میں ملک کی سیاسی، آئینی اور پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں علامہ راجہ ناصر، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانفرنس میں اپوزیشن جماعتیں، بار کونسلز اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مدعو ہوں گی۔ انتظامی امور کے لیے مصطفیٰ کھوکھر، حسین یوسفزئی اور خالد چوہدری پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔اجلاس میں اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں پر مبینہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے، عمران خان کے سیاسی رفقا اور اہل خانہ سے ملاقاتیں فوری بحال کی جائیں، اور زیر التوا مقدمات کی میرٹ پر فوری سماعت شروع کی جائے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے غیر آئینی اقدامات پر تشویش ظاہر کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ ہر غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس نے افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت کی فوری بحالی اور تمام تنازعات کے مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے حل کا بھی مطالبہ کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد آئین و جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے جاری رہے گی۔