اسلام آباد سے روانہ ہونے والے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تین روزہ قافلے کا مقصد عوامی رابطہ مہم اور آئین کی بالادستی کے فروغ کے لیے سرگرمیاں کرنا ہے۔
قافلے کی قیادت تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ سینئر نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس، نائب صدر مصطفیٰ نواز کھوکھر، سیکریٹری جنرل اسد قیصر اور اپوزیشن ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق تقریباً 70 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جی ٹی روڈ کے راستے لاہور پہنچے گا، جہاں مختلف مقامات پر کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے استقبال کیا جائے گا۔ محمود خان اچکزئی نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ تحریک کا مقصد نہ کسی پر حملہ کرنا، نہ گالیاں دینا اور نہ پتھر مارنا ہے بلکہ آئین کی حفاظت اور ظلم کے خاتمے کے لیے عوامی آگاہی پھیلانا ہے۔
تحریک کے فوکل پرسن پنجاب بریگیڈیئر (ر) مشتاق نے بتایا کہ صوبائی حکومت تحریک کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گوجر خان میں قافلے کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے کارکنوں پر پولیس نے کارروائی کی۔قافلے کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت لاہور میں سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گی، اور عوامی رابطہ مہم کے تحت آئین کی بالادستی اور جمہوری حقوق کے لیے آگاہی فراہم کی جائے گی۔