ناقص کارکردگی اور عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں: محمد نوید

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں گلبرگ اور گارڈن ٹاؤن سرکلز کے ڈی ایس پیز، انچارج انویسٹی گیشنز اور ریڈر نے شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق میٹنگ کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء اور پینڈنگ کیسز کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروائے جائیں تاکہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔کارکردگی میں خامیوں پر متعدد انچارجز کو وارننگ اور شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی محمد نوید نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی اور عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگاروں کو کڑی سزا دلوائی جائے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے افسران کو پولکام کے مطابق ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے، جبکہ تمام افسران مظلوم کو فوری ریلیف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔میٹنگ کے اختتام پر ایس ایس پی نے افسران پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں اور بہترین کارکردگی ہی محکمے کی نیک نامی کا باعث ہے۔