ڈاکٹر وردہ کے قتل کے خلاف سوات کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج ، اوپی ڈیز بند

 احتجاج کے دوران فوارہ چوک اور شاہراہ ریشم بلاک، مسافروں کو شدید مشکلات 
ایک آزاد جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے:ڈاکٹرز 
 سوات  (آئی این پی ) ایبٹ آباد میں  ڈاکٹر وردہ کے قتل کے خلاف سوات کے ڈاکٹرز  سراپا احتجاج  ہیں اور اوپی ڈیز بند کر دی گئیں۔تفصیل کے مطابق ایبٹ آباد میں بے نظیر شہید ڈی ایچ کیو اسپتال کی ڈاکٹر وردہ کے قتل کے خلاف سوات کے ڈاکٹرز نے شدید احتجاج کیا۔ہزارہ ڈویژن بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز بند کر دی گئیں ، احتجاج کے دوران فوارہ چوک اور شاہراہ ریشم بلاک رہی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات کے لئے  ایک آزاد جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے اور قتل میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر وردہ کے دو بچے ہیں جبکہ خاوند بیرون ملک مقیم ہیں ، ڈاکٹر کو جمعرات کے روز اس کی سہیلی ریدا جدون نے اسپتال سے اپنے پاس لیا، جس کے بعد اسے ملزمان شمعریز، ندیم اور اورنگزیب کے حوالے کر دیا گیا، ملزمان
 نے ڈاکٹر وردہ کو ٹھنڈیانی روڈ، لڑی بنوٹا کے مقام پر قتل کر کے جنگل میں دفنا دیا۔پولیس نے ریدا اور ملزم اورنگزیب ندیم کو گرفتار کیا، اور تفتیش کے دوران  ملزمان کی مدد سے نعش برآمد کر لی گئی۔پولیس کے مطابق 10 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور قتل کے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کارروائی جاری ہے۔