پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بالآخر دلچسپ انداز میں ردِعمل دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ رونالڈو اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ ہفتے کے روز پرتگال کے جزیرے میڈیرا کے شہر فنشال میں شادی کرنے والے ہیں۔رونالڈو کے خاندان کی جانب سے شادی کی افواہوں کی تردید بھی کی گئی، تاہم اس کے باوجود سیکڑوں مداح اپنے پسندیدہ فٹبالر کی شادی دیکھنے کی امید میں فنشال کے تاریخی سی کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔مداح کئی گھنٹوں تک ہاتھوں میں موبائل فون اور کیمرے لیے چرچ کے باہر موجود رہے، لیکن کچھ ہی دیر بعد معلوم ہوا کہ وہاں رونالڈو اور جارجینا کی نہیں بلکہ ایک اور جوڑے کی شادی ہونے والی ہے۔کیتھیڈرل میں نکول نامی دلہن اپنے ہونے والے شوہر فابیوں سے شادی کے لیے پہنچیں۔ بڑی تعداد میں مداحوں اور صحافیوں کی موجودگی کے باعث دلہن کو چرچ میں داخل ہونے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فابیوں پہلے ہی چرچ پہنچ چکے تھے۔سی کیتھیڈرل کی انتظامیہ نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک پر بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاحوں کی موجودگی کے باعث صورتحال میں کافی الجھن پیدا ہوگئی تھی۔ بعد ازاں چرچ کو بند کرکے شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
کیتھیڈرل انتظامیہ نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ چرچ کے باہر اس نوعیت کا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور دلہن کے لیے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے اندر داخل ہونا انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔شادی میں شریک مہمانوں نے بھی اس دلچسپ صورتحال پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا۔ ایک مہمان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ خود کسی مشہور شخصیت کی تقریب میں شریک ہوں۔مہمان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہ کیسے سوچ سکتے ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو بغیر سیکیورٹی کے وہاں شادی کریں گے۔دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اس دلچسپ صورتحال پر خاموشی توڑ دی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے کمنٹ میں ہنستے ہوئے آنسوؤں والے ایموجیز کے ذریعے اپنی شادی کی افواہ پر ردِعمل دیا۔
تاہم النصر کے اسٹار فٹبالر نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اور جارجینا روڈریگز حقیقی طور پر کب شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ رونالڈو اور جارجینا گزشتہ سال اگست میں منگنی کرچکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے جارجینا کو ایک قیمتی منگنی کی انگوٹھی بھی دی تھی، جس کے ہیرے کا وزن تقریباً 30 قیراط اور مالیت تقریباً 50 لاکھ ڈالر تک بتائی جاتی ہے۔