سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 16 بنگلادیشی مزدور جاں بحق

سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 16 بنگلادیشی مزدور جاں بحق

ریاض: سعودی عرب میں صوفہ بنانے والی ایک فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلادیشی تارکین وطن مزدور جاں بحق ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی وزارت برائے مہاجرین کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ نے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ریاض میں صوفہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 بنگلادیشی مزدور جان کی بازی ہار گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے پر بنگلہ دیش کے وزیر برائے تارکین وطن کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ عارف الحق چودھری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم بنگلادیشی شہریوں کی اس طرح کی اچانک اور المناک موت انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔بنگلہ دیشی وزارت کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں سے 10 کا تعلق شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا، جبکہ دیگر متاثرین کا تعلق شمالی اور مغربی نٹور اور راجشاہی اضلاع سے بتایا گیا ہے۔

عارف الحق چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں بنگلادیشی سفارتخانہ حادثے کے مقام اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ واقعے سے متعلق تمام ضروری کارروائی مکمل کی جاسکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کی میتیں جلد از جلد بنگلادیش منتقل کرنے کے اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو تمام ضروری سرکاری معاونت اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔حادثے کے بعد سعودی حکام کی جانب سے آتشزدگی کی وجوہات اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔