فلپائن: ساحلی جزیرے میں ہولناک آتشزدگی، ہزاروں افراد بے گھر

فلپائن: ساحلی جزیرے میں ہولناک آتشزدگی، ہزاروں افراد بے گھر

فلپائن کے جنوبی علاقے میں واقع ایک ساحلی جزیرے میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں اور سرکاری نیوز ایجنسی پی این اے کے مطابق آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً رات 10 بجے بارنگائے لامیون (Barangay Lamion) میں بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں نے شعلوں کو مزید بھڑکایا، جس کے باعث آگ تیزی سے گنجان آباد علاقے میں پھیل گئی۔ متاثرہ بستی کے مکانات زیادہ تر لکڑی اور ہلکے تعمیراتی سامان سے بنے ہوئے تھے اور پانی پر کھمبوں کے سہارے قائم تھے، جس کی وجہ سے آگ نے انتہائی کم وقت میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔چار گھنٹے تک جاری رہنے والی اس آگ کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند شعلے پورے جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں، جبکہ لوگ جان بچانے کے لیے زمین اور سمندر کے راستے نقل مکانی پر مجبور نظر آتے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر دو عارضی امدادی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بونگاؤ کی مقامی انتظامیہ نے بنگسامورو وزارتِ سماجی بہبود اور صوبائی حکومت کے تعاون سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جن کے تحت متاثرین کو خوراک، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔بونگاؤ رورل ہیلتھ یونٹ کی طبی ٹیمیں بھی امدادی مراکز میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ میونسپل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ آفس کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعدد لکڑی کے فٹ برج آگ کی نذر ہو گئے، جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 2 بجے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔