برازیل میں گول کی خوشی مہنگی پڑ گئی، فٹبالر سرنگ میں جا گرا

برازیل میں گول کی خوشی مہنگی پڑ گئی، فٹبالر سرنگ میں جا گرا

برازیل میں فٹبال میچ کے دوران ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جہاں گول کی خوشی مناتے ہوئے ایک کھلاڑی گراؤنڈ کے قریب موجود تاریک سرنگ میں جا گرا اور بعد ازاں انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگیا۔

برازیلین سیری اے کے میچ میں کوربیٹا کے دفاعی کھلاڑی جاسی ماراناؤ نے چیپیکوئنسے کے خلاف اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ گول کے فوراً بعد وہ گیند ہاتھ میں لے کر خوشی مناتے ہوئے شائقین کی جانب دوڑے۔جاسی نے اشتہاری رکاوٹ عبور کرنے کے لیے چھلانگ لگائی، تاہم دوسری جانب موجود ایک تاریک سرنگ کا اندازہ نہ ہونے کے باعث وہ اس میں جا گرے۔ واقعے کے بعد وہ کسی طرح سرنگ سے باہر آئے اور کچھ دیر کھیل جاری رکھا۔بعد ازاں ریفری نے کھیل روک کر وی اے آر کا جائزہ لیا، جس میں جاسی کا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا اور اسے مسترد کردیا گیا۔

29 سالہ فٹبالر دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں تک میدان میں موجود رہے، تاہم بعد میں انجری کے باعث انہیں متبادل کھلاڑی سے تبدیل کردیا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل کیمرون کے فارورڈ ڈیڈیرک جوئل تاگو کے ساتھ بھی اسی میدان میں تقریباً ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔ وہ بھی گول کی خوشی مناتے ہوئے اسی سرنگ میں جا گرے تھے۔تاہم اس وقت تاگو کا گول برقرار رکھا گیا تھا اور وہ میچ مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔