9 سے 23 اگست تک کھیلوں، ریلیوں، میوزیکل پروگرامز اور دیگر تقریبات ہونگی،شہر میں شاندار چراغاں ہوگا
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں جشن آزادی 2026 بھرپور جوش و جذبے سے منانے کیلئے رنگا رنگ تقریبات کا شیڈول حتمی کر لیا گیا ہے۔ شہر میں 9 سے 23 اگست تک مختلف کھیلوں، ریلیوں، میوزیکل پروگرامز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز 9 اگست کو سائیکل ریلی سے ہو گیا، جبکہ 10 اگست کو ڈیفنس میں موٹر بائیک ریلی کا اہتمام کیا جائے گا۔ 11 اگست کو نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں کراٹے ٹورنامنٹ ہوگا، جہاں میٹ ریسلنگ اور پاور لفٹنگ کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔جشن آزادی کے موقع پر لاہور شہر بھر میں شاندار چراغاں کیا جائے گا۔ ٹا ئون ہال میں خصوصی لیزر شو پیش کیا جائے گا جبکہ لبرٹی چوک پر بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق 13 اگست کو لبرٹی چوک میں میگا کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا اہتمام ہوگا، جبکہ 14 اگست کو نیشنل اسکواش چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی۔ اسی روز حضوری باغ میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب بھی ہوگی۔جشن آزادی کی تقریبات کا اختتامی ایونٹ 23 اگست کو ’’دنگل‘‘ ہوگا۔ اس دوران لاہور کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو بھی پرچموں اور روشنیوں سے آراستہ کیا جائے گا۔