سیوریج پانی کے تنازع پر فائرنگ، شہری زخمی

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا،ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے، متاثرہ شہری
لاہور (کرائم رپورٹر )کاہنہ کے علاقے میں سیوریج کا پانی نکالنے کے تنازع پر مبینہ طور پر شوٹرز کی فائرنگ سے مظہر اقبال نامی شہری زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔پولیس کے مطابق مشتاق، اسحاق، نزاکت، اسد اور معاز نامی افراد مبینہ طور پر سیوریج کا پانی نکالنے کے عوض شہریوں سے رقم وصول کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو سیوریج کا پانی نکالنے کا ٹھیکہ نہ ملنے پر مبینہ طور پر شوٹرز کی مدد سے فائرنگ کرائی گئی۔پولیس کے مطابق ریاض عرف راجو نامی مبینہ شوٹر نے فائرنگ کرکے مظہر اقبال کو زخمی کیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے شواہد کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود واقعے میں ملوث ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔ اس نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان اور مبینہ شوٹرز کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔