چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک 89 سالہ خاتون غلطی سے اپنے فلیٹ میں بند ہونے کے بعد غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 منزلہ عمارت کی بیرونی دیوار سے نیچے اترنے لگیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ یکم اپریل کی دوپہر پیش آیا، جب ایک سیکیورٹی گارڈ نے عمارت کے باہر خاتون کی مدھم آوازیں سنیں۔ اوپر دیکھنے پر معلوم ہوا کہ ضعیف خاتون ایک منزل پر ایئر کنڈیشنر کے جنگلے کو پکڑے کھڑی تھیں۔ریسکیو اہلکاروں کو فوری طور پر اطلاع دی گئی اور خاتون کو وہیں رکنے کی ہدایت کی گئی، تاہم وہ نیچے اترتی رہیں اور تھکن کے باعث ایک منزل پر رک گئیں۔بعد ازاں فائر فائٹرز نے عمارت کے اندر سے ریسکیو آپریشن کیا، جس کے دوران خاتون کو حفاظتی رسی سے باندھ کر محفوظ طریقے سے عمارت کے اندر منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون 27ویں منزل پر اکیلی رہتی تھیں اور غلطی سے بیڈروم میں بند ہو گئی تھیں، جبکہ ان کا موبائل فون بھی باہر رہ گیا تھا۔ خوف کے باعث انہوں نے خطرناک راستہ اختیار کیا۔خوش قسمتی سے خاتون کو کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم وہ شدید تھکن اور خوف کی کیفیت میں تھیں۔