وساکھی میلے کی رونق! ہزاروں سکھ یاتریوں کا ہجوم

وساکھی میلے کی رونق! ہزاروں سکھ یاتریوں کا ہجوم

متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام سکھوں کے مذہبی تہوار "وساکھی" کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔

 اس موقع پر بھارت سے ہزاروں سکھ یاتری اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت اور وساکھی میلہ منانے کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔بھارت کی مختلف ریاستوں بشمول امرتسر، دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش سے سکھ یاتریوں کا ایک بڑا وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال نے کیا۔یہ دورہ 10 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گا اور یاتریوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا گروپ گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوا، جبکہ دوسرا گروپ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی زیارت کے لیے روانہ کیا گیا۔

دونوں گروپ 12 اپریل کو ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جہاں وساکھی کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔اس دوران وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے 3 ہزار سے زائد ویزے جاری کیے ہیں۔ یاتریوں کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کا قیام خوشگوار اور بامقصد ہو۔ یاتری 17 اپریل کو لاہور پہنچیں گے اور 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔