لندن میں بالی ووڈ کی مشہور رومانوی جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔
یہ مجسمہ برطانیہ کے معروف علاقے لیسٹر اسکوائر میں واقع "Scenes in the Square" میں نصب کیا جائے گا، جہاں بالی ووڈ کی کلاسک فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے 30 سال مکمل ہونے کی خوشی میں یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔1995ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے نہ صرف بھارتی سنیما میں بلکہ عالمی سطح پر بھی بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ مجسمہ اُس جگہ پر نصب کیا جائے گا جہاں اس فلم کا ایک یادگار سین شوٹ کیا گیا تھا، اور یہ مقام لندن میں آج بھی فلم کے مداحوں کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی کہانی بیرونِ ملک مقیم بھارتی خاندانوں اور ان کی روایات سے جڑے رہنے کی جدوجہد کو خوبصورتی سے پیش کرتی ہے، جو لندن میں بسنے والے جنوبی ایشیائی ناظرین کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ فلم کا اختتامی منظر آج بھی سنیما کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش لمحہ مانا جاتا ہے، اور اس کے مکالمے آج بھی لوگوں کی زبان پر زندہ ہیں۔
یہ مجسمہ شاہ رخ خان اور کاجول کے مداحوں کے لیے ایک خاص تحفہ ہوگا اور اس نے بھارتی سنیما کے عالمی اثر و رسوخ کو مزید اجاگر کیا ہے۔