نورا فتیحی اور دیگر بالی ووڈ ستاروں کی داؤد ابراہیم کی مبینہ پارٹیوں میں شرکت کا انکشاف

نورا فتیحی اور دیگر بالی ووڈ ستاروں کی داؤد ابراہیم کی مبینہ پارٹیوں میں شرکت کا انکشاف

ممبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس سیل نے انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے منسلک ایک مبینہ بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کی تحقیقات کے دوران کئی نامور بالی ووڈ شخصیات کے نام سامنے آنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق یہ نیٹ ورک سلیم ڈولا نامی شخص چلا رہا تھا، جبکہ اس کے بیٹے طاہر ڈولا نے تفتیش کے دوران دیے گئے بیانات میں معاملے کو مزید وسعت دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سلیم ڈولا ملک اور بیرونِ ملک ایسی پارٹیاں منعقد کرتا تھا جن میں داؤد ابراہیم کی بھانجی علیشاہ پارکر سمیت فیشن اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کرتی تھیں۔طاہر ڈولا کو بیرونِ ملک سے گرفتار کرکے رواں سال اگست میں بھارت منتقل کیا گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر ان پارٹیوں میں اداکاروں، ماڈلز، ریپرز اور فلم سازوں کی شرکت کے بارے میں انکشافات کیے۔

تحقیقات کے دوران شردھا کپور، نورا فتیحی اور سدھارتھ کپور سمیت متعدد بالی وڈ ستاروں کے نام سامنے آئے ہیں۔اس حوالے سے نورا فتیحی نے انسٹاگرام پر اپنے ردِعمل میں میڈیا رپورٹس کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹیوں میں شرکت نہیں کرتیں اور مسلسل کام اور سفر میں مصروف رہتی ہیں، لہٰذا ان کا نام بلاوجہ اسکینڈلز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ نورا فتیحی کے مطابق یہ پہلی بار نہیں کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم اس مرتبہ وہ ’’خاموش نہیں رہیں گی‘‘۔