پنجاب حکومت نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آن لائن شکایات درج کرانے کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
اب شہری گھر بیٹھے ناقص اشیا کی فروخت، وارنٹی پر عملدرآمد نہ ہونے اور دیگر مسائل کے خلاف شکایات درج کرا سکیں گے۔پنجاب کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے ایک خصوصی ویب سائٹ متعارف کروائی ہے، جس پر شہری اپنی رسیدوں کے ہمراہ کیس فائل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر لاہور کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی، جو پہلے شکایت کے لیے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور تھے۔کنزیومر کورٹ کے رجسٹرار آن لائن شکایت پر خود صارف سے رابطہ کریں گے تاکہ شکایت پر بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ناقص اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس طرح، شہریوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس نظام کی مدد سے شکایات کے جلد حل کی توقع کی جا رہی ہے۔