وزیراعلیٰ مریم نواز کا “سحر پروگرام”: 5 ہزار سے زائد خواتین کو گھر بیٹھے فنی تربیت فراہم کی جائے گی

وزیراعلیٰ مریم نواز کا “سحر پروگرام”: 5 ہزار سے زائد خواتین کو گھر بیٹھے فنی تربیت فراہم کی جائے گی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور انہیں ہنرمند افرادی قوت میں شامل کرنے کے لیے “سحر پروگرام” کا آغاز کر دیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 5,365 خواتین کو گھر بیٹھے جدید ووکیشنل اور فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، جس کا بنیادی مقصد خواتین کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔پروگرام کے تحت خواتین کو بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں چار اضلاع میں 2,065 خواتین کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے بیوٹیفکیشن کورسز بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔“سحر پروگرام” کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکج اور ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ گھر بیٹھے آسانی سے سیکھ سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام میں شامل خواتین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو باعزت روزگار، معاشی خودمختاری اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے اور معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔