عالمی برادری تنازع کے فریقین پر دبا ئوڈا لے اور بچوں کو فوری تحفظ فراہم کرے،سیودی چلڈرن کا مطالبہ
غزہ (آئی این پی )غزہ جنگ میں صیہونیوں کے ہاتھوں 15ہزارفلسطینی بچوں کی شہادت کا انکشاف ہوا ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سیو دی چلڈرن نے غزہ جنگ میں 15ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت کی اطلاع دی، بچوں کو قتل کرنے والی صیہونی حکومت غزہ جنگ کے آغاز سے ہی فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقصد سے گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اب امریکا کی حمایت سے اس پٹی کا نسلی صفایا کر رہی ہے۔ سیو دی چلڈرن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 7اکتوبر2023کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے اس خطے میں کم از کم 15,000بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اہلکار کے مطابق غزہ کے تقریباً 1.9ملین باشندے اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں اور صہیونیوں کی طرف سے عام شہریوں اور صحت کے کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر اور ٹارگٹ حملے جاری ہیں۔ اہلکار نے عالمی برادری سے تنازع کے فریقین پر دبا ئوڈالنے اور بچوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں اور بچوں کی حفاظت کے لیے اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں بچوں اور شہریوں کی حفاظت اور جانوں کو یقینی بنائے۔