ٹیرف کی مد میں روزانہ 2 ارب ڈالر حاصل کر رہے ہیں، امریکی صدر ،یورپی یونین نے امریکا کو صفر پہ صفر ٹیرف معاہدے کا عندیہ دیدیا
واشنگٹن ؍برسلز(آئی این پی )ٹیرف کے نفاذ کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں تاریخی مندی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی بھی ان کی پالیسیوں پر سوال اٹھانے لگے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی سٹاک مارکیٹس میں تاریخی مندی کے بعد امریکی انتظامیہ کی اپنے حامیوں کو قائل کرنے کی کوششیں رائیگاں ہونے لگیں۔دوسری جانب ارب پتی امریکی سرمایہ کار ٹرمپ ٹیرف پر ناراض ہیں اور ان کی جانب سے کساد بازاری کا خدشہ بھی ظاہر کردیا گیا ہے۔سرمایہ کار وں نے بڑی غلطی سے پہلے اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلط حساب کے باعث عالمی معیشت نیچے جارہی ہے۔جے پی مورگن کے سربراہ ڈیمون نے کہا کہ ٹیرف صارفین اور سرمایہ کاروں کے جذبات کو کم کر سکتے ہیں، اقتصادی ترقی روک سکتے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹیرف کی مد میں روزانہ 2 ارب ڈالر حاصل کر رہے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اور جنوبی کوریا کے نمائندے معاہدے کیلئے امریکا پہنچ رہے ہیں۔