ملکی اور غیر ملکی قرضوں کا حجم 75 ہزار ارب تک پہنچ گیا

 6 ماہ کے دوران سرکاری اداروں کو 237ارب کی سبسڈی دی گئی:قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش

اسلام آباد (آئی این پی)رواں مالی سال کے دوران سرکاری اداروں کو دی جانے والی سبسڈی، گرانٹس اور قرض کی تفصیلات سامنے آگئیں۔رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے سرکاری اداروں کو دی گئی سبسڈی اور قرض کی تفصیل ایوان میں پیش کر دیں جن کے مطابق  رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران سرکاری اداروں کو 237ارب کی سبسڈی دی گئی، وزارت خزانہ کی جانب سے پاور سیکٹر کو 218ارب، پیسکو کو 2 ارب 40 کروڑ کی سبسڈی دی گئی۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں گندم پر 3ارب 81 کروڑ ہاسنگ فنانس پر سرکاری اداروں کو 5 ارب 79 کروڑ کی سبسڈی دی گئی، سرکاری اداروں کو مجموعی طور پر 644ارب کی گرانٹس دی گئی۔رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بی آئی ایس پی کو 232 ارب، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو 22 ارب 59 کروڑ کی گرانٹس دی گئیں، وفاقی حکومت نے ریلوے کو 26ارب 66 کروڑ،  بیت المال کو 3 ارب کی گرانٹس دیں‘وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں کی تفصیلات  بھی قومی اسمبلی  میں پیش کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ملکی اور غیر ملکی قرض کا حجم 75 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔ ملکی قرض 51 ہزار، بیرونی قرض 24 ہزار ارب تک پہنچ گیا، دستاویزات کے مطابق دسمبر تک فروری تین میں قرضوں میں ایک ہزار 338ارب کا اضافہ ہوا۔