پنجاب کا مالیاتی حجم بڑھ گیا، بجٹ 5446 ارب روپے تک پہنچ گیا

ترقیاتی اخراجات، محصولات اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں تاریخی اضافہ ہوگیا:سرکاری رپورٹ جاری
 لاہور(آن لائن) پنجاب حکومت نے گزشتہ 8 برسوں کے دوران بجٹ اور ترقیاتی اخراجات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے کا مالیاتی حجم نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کا مجموعی بجٹ 1970 ارب روپے سے بڑھ کر 5446 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسی عرصے میں ترقیاتی اخراجات 488 ارب روپے سے بڑھ کر 1058 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے اپنے محصولات 321 ارب روپے سے بڑھ کر 885 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں صوبے کا ترقیاتی بجٹ 1240 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح 117 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں تاریخی اضافہ کیا ہے اور انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور بلدیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔