مریم اورنگزیب سے آسٹریلین ہائی کمیشن کے ٹموتھی کین کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم اورنگزیب سے آسٹریلین ہائی کمیشن کے ٹموتھی کین کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے آسٹریلین ہائی کمیشن کے ٹموتھی کین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ہنرمندی کی ترقی، نوجوانوں کو جدید تربیت کی فراہمی، لائیو اسٹاک، ڈیری اور زراعت کے شعبوں میں ویلیو ایڈیشن سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے اور ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، جبکہ جدید اور میکنائزڈ زراعت کے فروغ سے زرعی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید بیجوں پر زور
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ سمارٹ اور کلائمیٹ ریزیلینٹ بیج موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار حل ہیں۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر معیار کے بیجوں کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ پنجاب کو خوراک کی خودکفالت کی جانب بھی مزید آگے لے جایا جاسکتا ہے۔ملاقات میں آسٹریلوی تعاون سے پنجاب میں مویشیوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے لائیو اسٹاک اور ڈیری کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے معاشی فوائد حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں زرعی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے کسانوں اور دیہی آبادی کے لیے معاشی مواقع پیدا ہوں گے جبکہ ملکی معیشت اور برآمدات کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی گفتگو
ملاقات کے دوران خواتین کے کردار اور انہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بااختیار بنانا وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ہے۔نہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے انہیں معاشی اور سماجی طور پر مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی شراکت داری کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔