فضائی و بحری سرحدوں کے محافظوں کی جرات پر قوم کو فخر ہے :عبدالعلیم خان

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں:وفاقی وزیر
اسلا م آباد (آئی این پی )صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی و بحری سرحدوں کے محافظوں کی جرات و بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔اپنے بیان میں عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج، بالخصوص پاک فضائیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور بہادری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہاکہ دفاعِ وطن کے لئے ہمارے شاہینوں کا کردار تاریخ کا روشن باب ہے،پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں۔وفاقی وزیر نے دشمن کے ناپاک عزائم کیخلاف افواجِ پاکستان کی جرات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں،شہدائے وطن کی عظیم قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔