معاشی بہتری کی وجہ گزشتہ 2 برس کے دوران حاصل ہونے والا زیادہ مضبوط معاشی استحکام اور لچک ہے:تجزیہ کار گریس لِم
اسلام آباد(آئی این پی ) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے پاکستانی معیشت مستحکم ہے اور ہرمز بحران کے جھٹکے برداشت کر سکتی ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت آبنائے ہرمز سے پیدا ہونے والے موجودہ بحران کے جھٹکے کو 2022 کے تیل کے بحران کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر برداشت کرنے کی پوزیشن میں ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق موڈیز کی تجزیہ کار گریس لِم کے مطابق پاکستان کی معیشت میں اس بار جھٹکوں کو جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ گزشتہ 2 برس کے دوران حاصل ہونے والی زیادہ مضبوط معاشی استحکام اور لچک ہے۔گریس لِم نے کہا کہ کم افراطِ زر، مستحکم شرحِ تبادلہ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری نے پاکستان کو حالیہ علاقائی اور عالمی جھٹکوں سے نمٹنے کیلئے مضبوط حفاظتی گنجائش فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب دنیا غیر مستحکم ہو تو معاشی استحکام سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔