جاپان کے وزیر اعظم شِگیرو ایشِبا نے جولائی 2025 کے پارلیمانی انتخابات میں اپنی جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) اور اتحادیوں کی تاریخی شکست کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ایل ڈی پی نے ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کا نیا سربراہ 4 اکتوبر کو ایمرجنسی لیڈرشپ الیکشن کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔ایشِبا نے استعفے سے قبل امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم انتخابی شکست نے ان کے لیے دباؤ برقرار رکھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد جاپان کی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی، ین کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور بینک آف جاپان نے شرح سود میں ممکنہ اضافے کو مؤخر کرنے پر غور شروع کر دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایل ڈی پی کی قیادت کی دوڑ میں سخت گیر رہنما سانائے تاکائیچی اور اعتدال پسند شِنجِیرو کوچِومِی نمایاں امیدوار ہیں، جبکہ جاپان میں یہ بھی سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا ملک کو پہلی خاتون وزیر اعظم ملے گی۔