جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کی سنتور بجانے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل

جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کی سنتور بجانے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل

جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کے بھارت کے دورے کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں انہیں سنتور بجانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی، جس کے بعد یہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نریندر مودی جاپانی وزیرِ اعظم کو سنتور بجانے کا طریقہ بتاتے ہیں، جس کے بعد سانائے تاکائیچی آلہ موسیقی بجانے کی کوشش کرتی ہیں۔ ابتدائی رہنمائی کے بعد وہ چند لمحات میں درست انداز میں سنتور بجانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں، جس پر وہ خوشی کا اظہار کرتی نظر آتی ہیں۔اس موقع پر بھارتی وزیرِ اعظم اور دیگر موجود جاپانی و بھارتی حکام نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف مثبت اور دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ سانائے تاکائیچی یکم جولائی سے 3 جولائی تک بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے 16ویں بھارت-جاپان سالانہ کانفرنس میں شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔