ملائیشین وزیرِ داخلہ کی صدر زرداری سے ملاقات، سیکیورٹی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر زور

ملائیشین وزیرِ داخلہ کی صدر زرداری سے ملاقات، سیکیورٹی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر زور

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ سیف الدین اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی، تجارت، اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور اس حوالے سے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مذہب، ثقافت، اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور داخلی سلامتی، امیگریشن، اور قانونی امور میں ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا۔اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے تجارتی روابط کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا، خاص طور پر پاکستانی مصنوعات کو ملائیشیا میں مزید مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر بات چیت ہوئی۔

صدرِ زرداری نے بتایا کہ ملائیشیا میں پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری، اور جانوروں کی خوراک کی طلب موجود ہے، جس سے تجارتی مواقع میں اضافہ کا امکان ہے۔ملائیشین وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ 2026ء پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے، اور اس دوران ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں، جن میں مزید اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ ملائیشیا کے دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے سفارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکے۔