لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور ہائیکورٹ نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی اچھرہ میں دو کنال اراضی کی نیلامی کالعدم قرار دینے کیخلاف درخواست پر ایم سی ایل کے لیگل ایڈوائزر کو جواب جمع کروانے کیلئے 30 ستمبر تک کی مہلت دیدی۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری ادریس کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈی سی لاہور موسیٰ رضا پیش ہوئے۔ ایم سی ایل کے لیگل ایڈوائزر افتحار میاں نے مئوقف اختیار کیا کیس کا تعلق 15 فروری 2023 کے آرڈر سے ہے ، عدالت اجازت دے تو وہ فوراً جواب جمع کروا سکتے ہیں جس پر جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیئے کہ آپ سینئر کونسل ہیں، چاہیں تو جواب جمع کروادیں۔ سماعت کے بعد ڈی سی موسیٰ رضا نے کہا سیلاب متاثرین کے نقصانات جائزہ لے رہے ہیں، ازالہ کیا جائے گا، تھیم پارک کلیئر کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔