عوامی نمائندوں کے انتخابی حق کو ہرگز معمولی نہ سمجھا جائے،چیف جسٹس عالیہ نیلم کے ریمارکس
لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سماعت کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کو مزید وقت دیدیا
لاہور (زیڈاین این) لاہور ہائیکورٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق بھی شامل تھے۔سماعت کے دوران جمشید دستی اپنے وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ اسپیکر کی طرف سے کون پیش ہوا ہے؟ اسپیکر کے وکیل نے عدالت سے مہلت مانگی اور مؤقف اختیار کیا کہ وکالت نامہ اور جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت درکار ہے کیونکہ نوٹس گزشتہ روز ہی موصول ہوا ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ اس نظام کو معمولی نہ سمجھا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔