لاہور فیکٹری ایریا میں مبشراور رمیش،سرگودھا خوشاب روڈ پرمظہر اور احمد رضا مارے گئے
پاکپتن میں موٹرسائیکل چور ہلاک ہوا،سبزہ زار ایک، شفیق آباد 2،باٹاپور3 زخمی ،طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل
لاہور ، سرگودھا، پاکپتن(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ) لاہور ،سرگودھا، پاکپتن میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں میں 5ملزم ہلاک،جبکہ5زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ رات صوبائی دارالحکومت کی حدود میں 4مختلف مبینہ پولیس مقابلے ہوئے،فیکٹری ایریا کے علاقے میں 2ملزم ہلاک ہوئے،سبزہ زار کے علاقے میں ایک ملزم زخمی ہوا،شفیق آباد کے علاقے میں 2ملزم زخمی ہوئے،جبکہ باٹا پور کے علاقے میں بھی2ملزم زخمی ہوئے جنہیں گرفتارکرلیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت مبشر اور رمیش کے نام سے ہوئی،ملزموں کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا،سی سی ڈی کی ٹیمیں معجزانہ طور پر محفوظ رہی ہیں۔شفیق آباد رنگ روڈ کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مقابلے میں 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے،ان ملزموں نے پولیس کے اشارے پررکنے کی بجائے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ سے بچتے ہوئے ملزم موٹرسائیکل سے گرکرزخمی ہوئے،جنہیں میاں منشی ہسپتال منتقل کر دیا۔ سبزہ زار میں اے وی ایل ایس اقبال ٹائون کیساتھ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم راشد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزم راشد کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ادھر سرگودھامیں مبینہ پولیس مقابلے میں سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث 2 زیرحراست ملزم ہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس گرفتار ملزمان کو اسلحہ کی برآمدگی کیلئے خوشاب روڈ پر لے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے ان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا۔چھڑانے کی کوشش کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں زیرِ حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک ملزم مظہر شامل ایک بچے کے اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملوث تھا، جبکہ دوسرا ملزم احمد رضا شاہ محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹر کے قتل کے مقدمے میں نامزد تھا۔دونوں ملزموں کا تعلق تحصیل شاہپور، ضلع سرگودھا سے تھا۔ادھر پاکپتن میں 29 ایس پی روڈ پرسی سی ڈی سے مقابلے میں 100سے زائد مقدموں میں ملوث موٹرسائیکل چور جھنگ کا رہائشی فیصل بلوچ ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم فیصل بلوچ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں ودیگر مقامات سے موٹرسائیکلوں کی چوری میں ملوث تھا۔