سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں پر ٹیکس معاف کرنے کا اعلان، رانا تنویر حسین

سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں پر ٹیکس معاف کرنے کا اعلان، رانا تنویر حسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس فوری طور پر معاف کیے جائیں گے۔

رانا تنویر کے مطابق وفاقی حکومت بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرے گی جبکہ لینڈ ریونیو کی معافی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پہلے سے پرنٹ شدہ اضافی بلوں کا بھی نوٹس لیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ ان کے بقول، رواں ماہ کے وسط تک سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کسان پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

ابتدائی ڈیٹا کے مطابق سیلاب کے باعث مختلف فصلوں کو ایک سے تین فیصد تک نقصان پہنچا ہے جبکہ سب سے زیادہ نقصان گوجرانوالہ ڈویژن میں ہوا ہے جہاں 18 فیصد تک فصلیں متاثر ہوئیں۔ دھان کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔