افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری، طورخم بارڈر سے مزید 2491 افراد وطن واپس گئے

افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری، طورخم بارڈر سے مزید 2491 افراد وطن واپس گئے

پشاور: افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق گزشتہ روز طورخم بارڈر کے راستے 2491 افغان شہری افغانستان واپس چلے گئے۔ ان میں سے 746 افراد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔محکمہ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک صرف خیبرپختونخوا کے راستے 7 لاکھ 43 ہزار افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 6 لاکھ 5 ہزار غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو وطن بھیجا گیا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ 89 ہزار پروف آف رجسٹریشن (POR) کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین اور 48 ہزار افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو بھی وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق افغان شہریوں کی واپسی کا یہ عمل بتدریج جاری رہے گا۔