پشاور: اقوام متحدہ کی طرف سے افغانستان کے لیے امدادی سامان کے 9 کارگو کنٹینرز طورخم بارڈر کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں، جن کا مقصد افغان عوام کو خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق یہ کنٹینرز جمرود ٹرمینل سے روانہ ہوئے ہیں اور ان میں خوراک کی اشیاء شامل ہیں، جو خصوصی طور پر یونیسف کی جانب سے افغان عوام کے لیے عطیہ کی گئی ہیں۔امدادی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں یونیسف کی طرف سے ادویات اور طبی آلات بھی افغانستان بھیجے جائیں گے، تاہم ان کی کلیئرنس افغان حکام کی اجازت کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ طورخم بارڈر پر کسٹمز عملہ کنٹینرز کی کلیئرنس کے لیے تیار بیٹھا ہے اور افغان حکام کی منظوری ملتے ہی یہ کنٹینرز سرحد پار کر جائیں گے۔واضح رہے کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث طورخم سمیت تمام تجارتی گزرگاہیں 11 اکتوبر 2025 سے بند ہیں، جس کی وجہ سے امدادی سامان کی ترسیل میں بھی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے افغان عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔