ملتان اور مظفر گڑھ کی ٹیکنیکل ٹیموں کے درمیان شیر شاہ پل کو ممکنہ تباہی سے بچانے کے لیے تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی مشاورت کے بعد بالآخر بریچنگ کے حوالے سے ایک پوائنٹ پر اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد ممکن نہیں۔رپورٹ کے مطابق دونوں اضلاع کی ٹیموں نے دریائے چناب میں پانی کے کریٹیکل لیول کو 393.50 فٹ مقرر کیا ہے جبکہ اس وقت پانی کی سطح 392.00 فٹ پر موجود ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب پانی کی سطح مقررہ حد کو چھو لے گی تو بند پر شگاف ڈالنے (بریچنگ) کا فیصلہ عملی طور پر نافذ کیا جائے گا۔
ریلوے نے مزید وقت مانگ لیا
پاکستان ریلوے نے شیر شاہ پل کے قریب ریلوے ٹریک کو ممکنہ متاثر ہونے سے بچانے کے لیے مزید وقت مانگا ہے تاکہ ان کی ٹیکنیکل ٹیمیں حفاظتی اقدامات کو مکمل کر سکیں۔
سیلابی صورتحال سنگین
جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سنگین شکل اختیار کر چکی ہے۔ دریائے چناب میں سیلابی ریلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ملتان کے قریب ایک اور بند توڑنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیر شاہ پل کو بچانے کے لیے مخصوص بند پر شگاف ڈالا جائے گا، جس کے لیے بریچنگ پوائنٹ پر ہیوی مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے۔