ملتان: شیر شاہ بند پر پانی کا دباؤ اور بہاؤ گزشتہ 24 گھنٹوں سے انتہائی بلند سطح پر برقرار ہے، جہاں پانی کی سطح 394 فٹ تک جا پہنچی ہے۔
اس صورتحال نے علاقے میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔شیر شاہ بند کے قریبی درجنوں دیہات مکمل طور پر ڈوب چکے ہیں جبکہ شجاع آباد کینال میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق پانی کی مسلسل بلند سطح خطرناک ہے اور متاثرہ علاقوں میں مکانات گرنے کے خدشات ہیں۔سیلابی پانی شیر شاہ ٹول پلازا کی سڑک تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث ملتان-مظفرگڑھ روڈ کا ایک حصہ بند کر دیا گیا ہے۔ پانی کے دباؤ کو روکنے کے لیے پتھروں اور مٹی سے عارضی رکاوٹیں بھی لگائی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ اب تک بستی گاگراں کے زمیندارہ بند کے علاوہ کسی اور بند کے ٹوٹنے کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ محمد والا روڈ اور شیر شاہ بند کو توڑنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔شدید صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق کل سے 9 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے جس سے مزید خطرات بڑھ سکتے ہیں۔