پاکستان نیوی نے چین کے تعاون سے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سمندر کی تہہ میں وسیع گیس کے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
اس پیش رفت کا انکشاف ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ریئر ایڈمرل کے مطابق، پاکستان نیوی نے جدید تکنیکی سروے کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی، جس کے نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ سروے سے پتہ چلا کہ پاکستانی سمندری حدود میں گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو مستقبل میں ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں انقلابی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف معاشی موقع نہیں بلکہ قومی خودمختاری اور معاشی سلامتی کے لیے بھی اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں دشمن قوتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ریئر ایڈمرل نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC)، ملٹری قیادت اور سیاسی لیڈرشپ کے درمیان مثالی ہم آہنگی قائم ہے، جس کے نتیجے میں ملک نے مربوط دفاعی اور معاشی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ دریافت صرف نیوی کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ اگر ان ذخائر کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پا سکتا ہے اور معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق، اگر اس دریافت پر فوری عملدرآمد کیا جائے تو پاکستان گیس کی درآمد پر انحصار کم کرتے ہوئے مقامی ضروریات پوری کرنے کی طرف بڑھ سکتا ہے، جس سے اربوں ڈالر سالانہ کی بچت ممکن ہو سکے گی۔ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے کہا کہ اب صرف اس دریافت پر خوش ہونے کے بجائے، سیاسی، انتظامی اور تکنیکی سطح پر فوری اور ٹھوس فیصلے لینا ضروری ہیں تاکہ یہ کامیابی ملک کی ترقی کا ذریعہ بن سکے۔